ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضمنی انتخابات لوک سبھا کے لئے رجحان ساز ہوں گے: دیوے گوڈا

ضمنی انتخابات لوک سبھا کے لئے رجحان ساز ہوں گے: دیوے گوڈا

Wed, 31 Oct 2018 11:57:01    S.O. News Service

بنگلورو31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ نیوز) سابق وزیراعظم اور جے ڈی ایس کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ وہ اپنے اس دعوے پر اب بھی قائم ہیں کہ جنوبی ہند میں بی جے پی کے لئے اقتدار کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند کردئے گئے ہیں۔ آج بلاری میں ایک اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ ریاست کے پانچ حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سبھی حلقوں پر کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یہ انتخابات ریاست میں اتحاد کی طاقت کا مظاہرہ ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی کو اس کی اوقات دکھائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں مخلوط حکومت کی حلف برداری کے موقع پر ملک کے جن قد آور رہنماؤں نے شرکت کی اور قومی سطح پر ایک بڑے اتحاد کے قیام کا اشارہ دیا ، اس مقصد کی تکمیل کے لئے ریاست میں کانگریس کے ساتھ جے ڈی ایس قدم بہ قدم آگے بڑھے گی۔ پانچ حلقوں میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے متفقہ امیدوار میدان میں ہیں اور دونوں پارٹیوں کے کارکن ان امیدواروں کی کامیابی کے لئے مسلسل جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے 1996میں تمام سیکولر سیاسی جماعتوں نے متحد ہوکر ملک میں تیسرے محاذ کی حکومت قائم کی تھی۔ 22 سال بعد ملک میں وہی صورتحال دوبارہ ابھرتی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر کانگریس راہل گاندھی کی طرف سے وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اتحاد میں اگر کانگریس سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرتی ہے تو وزیراعظم کے عہدے پر راہل گاندھی کی دعویداری بجا ہوگی، اور اس صورت میں تمام سیکولر پارٹیاں ان کا ساتھ دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے ساتھ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ذریعے اگلے لوک سبھا انتخابات کے لئے ملک کے عوام کے رجحان کا بھی پتہ چل جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی سیاسی طاقتوں کو متحد ہوکر کوشش کرنی چاہئے کہ مرکز کے اقتدار سے فرقہ پرستوں کو بے دخل کیا جائے اور ملک میں ایک ایسا نظام قائم ہو جو آئین ، جمہوریت اور سیکولرزم کے تحفظ کے لئے کام کرے۔ سماج کے تمام طبقوں کے ساتھ انصاف کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس مل کر لوک سبھا انتخابات کا سامنا کریں گے اور کانگریس جے ڈی ایس کے قائدین متحد ہوکر انتخابی مہم بھی چلائیں گے۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ اس اتحاد کی یہی کوشش ہے کہ کسی بھی حال میں فرقہ پرست بی جے پی کو ایک حلقے سے بھی سر اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے۔ اس جیت کے لئے سدرامیا، ڈی کے شیوکمار اور دیگر سرکردہ کانگریس قائدین کی محنتوں کو دیوے گوڈا نے سلام کیا اور کہاکہ سیکولرزم کی بقاء کے لئے ان تمام رہنماؤں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔ 


Share: